منگلورو:16/ جولائی(ایس او نیوز) کنکناڑی ریلوے اسٹیشن کو ناگوری سڑک سے جوڑنے کے لئے کشادگی کے کام کو انجام دینے کی زمین حصولیابی کارروائی میں ہورہی تاخیر پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل نے مہا نگر پالیکا کے افسران کو آڑے ہاتھوں لیا اور تاکید کی کہ ریلوے کے متعلق جو کام ہورہے ہیں ان میں کسی بھی طرح کی سیاست نہ کریں۔
دکشن کنڑا ضلع پنچایت ہال میں ریلوے ترقیاتی کاموں کے متعلق منعقدہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناگوری سے کنکناڑی ریلوے اسٹیشن کو جوڑنے والا راستہ بہت ہی تنگ ہونے کے متعلق جب عوام نے شکایت کی تو ریلوے افسران نے بتایا کہ سڑک کی کشادگی کے لئے پیش کش کی گئی ہے، لیکن مہا نگر پالیکا سے زمین حصولیابی نہ ہونے سے مسئلہ پیدا ہواہے، میٹنگ میں مسئلہ پر بحث کے دوران عوام نے کہاکہ کچھ لوگوں کے سیاسی دباؤ کے نتیجے میں زمین حصولیابی کام نہیں ہورہاہے ، اس موقع پرمہانگرپالیکا کے افسران پرخاموش ہونے کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ مہانگرپالیکا کے صلاح کار دھرراج نے کہاکہ زمین حصولیابی کے بعد متاثرین کومعاوضہ دینے کے لئے کوئی فنڈ نہیں ہے، البتہ پریمیر فنڈ کے سود کو عارضی طورپر استعمال کرتے ہوئے زمین حصولیابی کا کام کیا جاسکتاہے، میٹنگ میں رائے ظاہر کی گئی کہ موجودہ سڑک کو کم سے کم 7میٹر تک کشادہ کیا جائے۔ اس سلسلے میں ایم پی نلین کمار کٹیل نے کہا کہ نوٹس دے کر زمین کی حصولیابی کریں اور مناسب معاوضہ دیں، ریلوے کے لئے جگہ چاہئے، اگر اس معاملے میں پالیکا کے افسران توجہ نہیں دیتے ہیں تو پالیکا کے لئے ضروری کسی بھی ریلولے کا کام کرنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ رکن پارلیمان نے کہا "اگر تم سیاست کرتے ہوتو میں بھی سیاست کرسکتاہوں، آئندہ میٹنگ میں اس تعلق سے فیصلہ کرتے ہوئے زمین حصولیابی کا کام شروع ہونا چاہئے۔ کچھ ہی روز پہلے تقرر ہوئے پالیکا کے کمشنر محمد نذیر سے ایم پی نے کہاکہ پالیکا کی طرف سے ریلوے کے متعلق جو بھی فائل باقی ہے اس کو حل کر کے رپورٹ دیں، اور ریلوے کی طرف سے ہونےو الے کاموں کی فہرست دیں تو میں انہیں حل کرنےکایقین دلاتا ہوں"۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے اور پالیکادونوں آپس میں مل کر کام کرتے ہیں تو عوام کے مسائل حل ہونگے،جو کام ادھورے پڑے ہوئے ہیں انہیں جلد مکمل کرنےکی بات کہی۔

میٹنگ میں ریلوے افسران نے شکایت کی کہ پالیکا سے درخواست کی گئی تھی کہ منگلورو مزکری ریلوے اسٹیشن کے لئے روزانہ 4لاکھ لیٹر پانی سپلائی کریں، لیکن بارش کے موسم میں بھی پانی سپلائی نہیں کیا گیا۔ ایم پی نے پالیکا افسران سے پوچھا کہ بارش کے موسم میں ہی آپ لوگ پانی سپلائی نہیں کرپارہے ہیں توموسم گرمامیں کیا کریں گے، بہانے مت بنائیے ، جتنا جلد ہوسکے پانی سپلائی کریں۔ اس کے علاوہ جو مسائل ہیں اس کے تعلق سے ایم پی نے یقین دلایا کہاگلی بار جب ریلوے وزیر یہاں آئیں گے تو ان کی توجہ دیگر مسائل کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔الگھاٹ شعبہ کے ڈی آر ایم ہریش لالوانی، کونکن ریلوے کے علاقائی مینجر محمد ہاشم سلیمان ، ضلع پنچایت سی ای اؤ ۔پی آئی شری ودھیا، ضلع پنچایت صدر میناکشی شانتی گوڈو، نائب صدر کستوری پنچ، پالیکا کمشنر محمد نذیر موجود تھے۔